ٹرمپ کو متاثر کرنے کیلئے مودی حکومت کی مہنگی لابنگ، سالانہ 18 لاکھ ڈالر خرچ

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی کا سیاسی برانڈ مکمل طور پر عوامی ٹیکس کے پیسوں سے تیار کیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 06, 2026

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کو متاثر کرنے کے لیے ایک امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی ہیں، جو سوشل میڈیا پر موجود مواد کو ’فلیگ‘ کرنے سمیت مختلف سرگرمیوں میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مودی حکومت نے اپریل 2025 سے امریکی لابنگ کمپنی SHW Partners LLC کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں، جس پر سالانہ تقریباً 18 لاکھ ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ ماہانہ ادائیگی ڈیڑھ لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی وزیر اعظم گزشتہ گیارہ برسوں میں نہ تو باقاعدہ پریس کانفرنس کرتے نظر آئے اور نہ ہی کھلے مکالمے کو ترجیح دی۔

ناقدین کے مطابق یک طرفہ ابلاغ اور سفارتی صلاحیتوں کی کمی کے باعث بھارت کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی کی سیاسی شبیہ، جسے بعض حلقے ’برانڈ مودی‘ قرار دیتے ہیں، مکمل طور پر عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تیار کی گئی ہے۔

ان کے مطابق ہندوتوا کی سیاست کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر مثبت تاثر قائم رکھنے کے لیے بھاری رقوم خرچ کی جا رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ لابنگ معاہدہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی جانب سے بھارتی مصنوعات اور خدمات پر ٹیرف عائد کیے گئے اور بھارتی حکومت سے قریبی سمجھے جانے والے افراد کو قانونی نوٹسز جاری کیے گئے۔

مقبول خبریں