بااثر شخصیت نے تیسری بیوی بننے کےلیے کروڑوں کی پیشکش کی، معروف اداکارہ کا انکشاف

شادی کی پیشکش کرنے والی وی وی آئی پی شخصیت معاشرے میں اثر و رسوخ رکھتی ہے


ویب ڈیسک January 06, 2026

ملائیشیا کی معروف اداکارہ اور سابق بیوٹی کوئن ایمی نور ٹینی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بااثر اور وی وی آئی پی شخصیت نے انہیں تیسری بیوی بننے کے عوض غیر معمولی مالی اور رہائشی سہولیات کی پیشکش کی، جسے انہوں نے صاف الفاظ میں مسترد کردیا۔

اداکارہ کے مطابق اس پیشکش میں ماہانہ لاکھوں روپے، ایک شاندار بنگلہ اور گاڑی سمیت دیگر مراعات شامل تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ ایمی نور ٹینی نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران یہ انکشاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیشکش ایک ایسی شخصیت کی جانب سے کی گئی جو معاشرے میں اثر و رسوخ رکھتی ہے اور خود کو وی وی آئی پی سمجھتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ شخص نے انہیں تیسری بیوی بننے کے بدلے ایک عالیشان گھر، ایک گاڑی، 10 ایکڑ زمین اور ہر ماہ 50 ہزار ملائیشین رنگٹ بطور خرچ دینے کی پیشکش کی، جو پاکستانی کرنسی میں 34 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

ایمی نور ٹینی کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی پیشکش کے باوجود انہوں نے ایک لمحے کے لیے بھی اس پر غور نہیں کیا۔

ایمی نور ٹینی نے بتایا کہ وہ اکثر کارپوریٹ ایونٹس کی میزبانی کرتی ہیں، جہاں مختلف بااثر اور صاحبِ حیثیت افراد سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ ایسے مواقع پر لوگ ان سے فون نمبر مانگتے یا ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، تاہم اس بار ایک شخص نے تمام حدود پار کرتے ہوئے انہیں اپنی تیسری بیوی بننے کی پیشکش کر دی۔

اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ اس شخص کی عمر ان کے والد کے برابر تھی، جس نے اس پیشکش کو ان کے لیے مزید ناگوار اور ناقابلِ قبول بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عزتِ نفس اور ذاتی اقدار کسی بھی مالی لالچ سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔

ایمی نور ٹینی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر خواتین کی خودمختاری، بااثر طبقے کے رویوں اور معاشرتی اقدار پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کئی صارفین نے اداکارہ کے مؤقف کو سراہتے ہوئے اسے ایک مضبوط اور باوقار فیصلہ قرار دیا ہے۔

مقبول خبریں