لاہور:
ترجمان سینٹرل ریجن موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد ٹریفک کے لیےکھول دیا گیا ہے۔
جبکہ شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز کے ایم ون اور ایم ٹو ٹریفک کے لیے تاحال بند ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک تمام قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم ون اسلام آباد سے برہان تک بجانبِ پشاور بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم ٹو پر دھند کے باعث کوٹ مومن سے لللہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے موٹروے بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو پر چکری سے کوٹ مومن تک بجانب لاہور تمام اقسام کی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد ممکنہ حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن سے تازہ صورتحال معلوم کریں۔