ڈی آئی خان:
خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، جس پر جوابی کارروائی میں 2 خوارج ہلاک ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے رات گئے پولیس چیک پوسٹ کھتی پر حملہ کیا، جس کے بعد پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے 2 خوارج کو جہنم واصل کردیا۔ ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کا ایک جوان بھی معمولی زخمی ہوا۔
قبل ازیں حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ دیگر پولیس افسران اور نفری کے ہمراہ خود موقع پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں نے دلیری اور جواں مردی سے حملہ پسپا کیا۔ پولیس کا مورال بلند ہے۔
دریں اثنا بنوں سینٹرل جیل کے چیکنگ پوائنٹ پر موجود پولیس جوانوں پرنامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا، تاہم واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔