پشاور:
ملک میں داخل ہونے والے مغربی سسٹم کے تحت چترال بھر میں گزشتہ رات سے بارش اور بالائی مقامات میں برفباری ہوئی۔
لواری ٹنل روڈ کے دونوں طرف، کالاش ویلیز، مڈک لشٹ، گرم چشمہ، اپر چترال تورکھو، موڑکھو، مستوج اور یارخون میں بھی برفباری ہوئی۔ لواری ٹنل روڈ پر برفباری کے باوجود آمدورفت جاری ہے۔
چترال اپر اور لوئر میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ چترال میں جلانے کی لکڑی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ بھی ہوگیا۔
دوسری جانب، سوات کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا اور سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں بارش اور ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی اور غیر مقامی سیاحوں نے برف پوش علاقوں کا رخ کر لیا، حالیہ برفباری کے بعد سڑکوں پر شدید پھسلن ہے۔ انتظامیہ اور سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بغیر سنو چین گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا۔
ترجمان سعید الرحمان کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، سیاحوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔