سعودی وزارت خارجہ کا کراچی گل پلازہ آتشزدگی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار

اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی وزارتِ خارجہ


ویب ڈیسک January 21, 2026

سعودی وزارتِ خارجہ نے کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں گل پلازہ کے افسوسناک واقعے میں 27 افراد کی ہلاکت پر تعزیت کی گئی اور کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں سعودی عرب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی اور پاکستان اور اس کے عوام کے تحفظ، سلامتی اور خیرسگالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں غزہ میں جامع امن منصوبے کے دوسرے مرحلے اور غزہ پٹی کی انتظامیہ کے لیے فلسطینی قومی کمیٹی کے کام کے آغاز کا خیرمقدم کیا گیا۔

کابینہ اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بجلی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت (الیکٹریکل انٹر کنکشن) کی منظوری بھی دی گئی۔ اس مفاہمت کا مقصد توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

مقبول خبریں