لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 11 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، کولنگ کا عمل 3 سے 4 دن میں مکمل ہوگا۔
لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹری اور آگ کی لپیٹ میں آنے والی ملحقہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 11 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق آگ پلاسٹک کا سامان بنانے کی فیکٹری میں لگی جس نے ساتھ موجود جوتے اور چپل بنانے والی فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لیا تھا۔
شدید نوعیت کی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا تھا۔ ریسکیو اداروں نے تقریباً 11 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کے عمل کا آغاز کردیا جو 3 سے 4 روز تک جاری رہیگا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں کے ایم سی کے 12 فائر ٹینڈرز 3 اسنارکل، پاکستان نیوی، ریسکیو 1122 اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فائر ٹینڈرز سمیت 20 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور تیسرے درجے کی آگ کو 11 گھنٹے بعد قابو پالیا۔
آتشزدگی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ فیکٹری میں موجود بڑی مقدار میں پلاسٹک ، فائبر، جوتا، چپل اور چمڑا جل کر خاکستر ہوگیا۔ آتشزدگی کے باعث ایک فیکٹری کی عمارت زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
ہمایوں خان کے مطابق آگ لگانے کی وجوہات ک جائزہ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد کیا جائیگا۔