انڈونیشیا کے علاقے ماروس میں دریافت ہونے والے ایک دیوہیکل اژدہے (ریٹیکیولیٹڈ پائتھن) کو گینیز ورلڈ ریکارڈ نے سب سے لمبا جنگلی سانپ قرار دے دیا۔
ریکارڈ رکھنے والے ادارے کے مطابق شواہد کا جائزہ لینے کے بعد یہ ثابت ہوا کہ مادہ سانپ کی لمبائی 23 فٹ 8 انچ ہے۔
یہ سانپ اس وقت ماہرِ تحفظِ فطرت بودی پوروانتو، لائسنس یافتہ سانپ پکڑنے والے دیاز نوگراہا اور نیچرل ہسٹری فوٹوگرافر رادو فرینتیو کی نگرانی میں ہے۔
نوگراہا اور فرینتیو کا کہنا ہے کہ افواہوں پر مبنی اطلاعات ملنے کے بعد وہ اس غیر معمولی حد تک طویل سانپ کی تلاش میں نکلے تھے، جسے انہوں نے ’ایبو بیرن‘ یا ’دی بیرونیس‘ کا نام دیا۔
عام طور پر ریٹیکیولیٹڈ پائتھن بالغ ہونے پر 9 فٹ 10 انچ سے لے کر 19 فٹ 2 انچ تک لمبا ہوتا ہے۔