اسلام آباد:
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے والا پاکستانی شہری تھا جو کچھ عرصہ قبل افغانستان چلا گیا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خودکش حملہ آور نوشہرہ سے اسلام آباد آیا، ہم خودکش حملہ آور کے رشتے داروں تک پہنچ گئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت براہ راست کسی جارحیت کی جرات تو نہیں کرسکتا لیکن وہ اپنی پراکسیز اور افغانستان کے ذریعے پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حوالے سے وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کا رابطہ ہے، بظاہراب خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اونرشپ لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خودکش حملے سے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی ، دہشت گردی کے لیے ایسا موقع چُنا گیا جب دو ممالک کے ساتھ ہم نے معاہدے کیے ہیں۔