’گھوس خور پنڈت‘ کی مشکلات میں اضافہ، نیٹ فلکس نے بڑا اعلان کردیا

فلم کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی منوج باچپائی کی فلم ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی تھی


ویب ڈیسک February 07, 2026

بالی ووڈ اداکار منوج باجپائی کی نئی فلم ’رشوت خور پنڈت‘ پر ایف آئی آر اور عوامی ردِعمل کے بعد نیٹ فلکس سے ہٹادیا گیا۔ 

منوج باجپائی کی اداکاری سے سجی نیٹ فلکس کی فلم ’گھوس کھور پنڈت‘ اپنے عنوان کی وجہ سے ایک تنازع کا شکار ہوگئی۔ 

فلم کے ہدایتکار نیرج پانڈے نے فلم کے پروموشنل مواد کو عارضی طور پر ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ اس سے ناظرین کو دکھ پہنچا ہے۔ 

انسٹاگرام پر جاری بیان میں نیرج پانڈے نے وضاحت کی کہ ہماری فلم ایک خیالی پولیس ڈرامہ ہے، اور ’پنڈت‘ کی اصطلاح محض ایک فرضی کردار کے لیے عام بول چال کے طور پر استعمال کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہانی کسی فرد کے اعمال اور اس کے انتخاب پر مرکوز ہے اور اس کا مقصد کسی ذات، مذہب یا برادری کی نمائندگی یا تبصرہ کرنا نہیں۔

مزید کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ فلم کے عنوان نے بعض ناظرین کو تکلیف پہنچائی ہے اور ہم خلوصِ دل سے ان جذبات کا احترام کرتے ہیں، ان خدشات کے پیشِ نظر ہم نے فی الحال تمام پروموشنل مواد ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ فلم کو مکمل طور پر دیکھا جائے اور کہانی کے تناظر میں سمجھا جائے، نہ کہ چند جھلکیوں کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔ 

اداکار منوج باجپائی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر نیرج پانڈے کے بیان کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں لوگوں کی جانب سے ظاہر کیے گئے جذبات اور خدشات کا احترام کرتا ہوں اور انہیں سنجیدگی سے لیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی ایسے کام کا حصہ ہوں جس سے کچھ لوگوں کو تکلیف پہنچے، تو انسان رک کر سنتا ہے اور ایک اداکار کے طور پر میں کردار اور کہانی کے ذریعے فلم سے جڑتا ہوں۔ 

ممبئی میں بڑے اہتمام سے اعلان کی گئی نیٹ فلکس کی یہ فلم اب خاموشی سے پلیٹ فارم کی فہرست سے غائب ہو گئی ہے۔

دوسری جانب، فلم سازوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے اور سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں بہت سے صارفین کا دعویٰ ہے کہ فلم کا عنوان مذہبی جذبات کو مجروح کرتا ہے۔

واضح رہے کہ نیرج پانڈے کی ’گھوس کھور پنڈت‘، جس میں منوج باجپئی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، نیٹ فلکس کے شاندار سلیٹ ایونٹ میں سامنے لائی گئی تھی۔ 

 

مقبول خبریں