پاکستان دشمنی کی پالیسی ناکام ہوگئی، بھارتی سیاستدان ششی تھرور کا دو ٹوک اعتراف

ششی تھرور کے مطابق پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدے کے لیے استعمال کیا گیا


ویب ڈیسک February 08, 2026

بھارتی سیاستدان اور رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے انڈین ایکسپریس میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں پاکستان کے خلاف مستقل دشمنی کی بھارتی پالیسی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکمتِ عملی ناکام ہو چکی ہے اور اس سے خطے میں امن کے امکانات کمزور ہوئے ہیں۔

ششی تھرور کے مطابق پاکستان کو مستقل دشمن بنا کر رکھنے کی پالیسی کو داخلی سیاست میں فائدے کے لیے استعمال کیا گیا، تاہم اس کا عملی طور پر کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے لکھا کہ پاکستان سے بات چیت کو شکست سمجھنا ایک غلط سوچ ہے اور مذاکرات کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

اپنے کالم میں انہوں نے بی جے پی کی سخت اور تصادمی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس رویے نے نہ صرف خطے کو غیر محفوظ بنایا بلکہ بھارت کے سفارتی مفادات کو بھی نقصان پہنچایا۔

ششی تھرور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوششیں بھی کامیاب ثابت نہیں ہوئیں اور یہ پالیسی خود فریبی کے مترادف ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق بھارت میں اب ایک سنجیدہ طبقہ ابھر رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ مکالمے اور مذاکرات کا حامی ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کا مؤقف اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارتی سیاست میں پاکستان مخالف بیانیے پر داخلی سطح پر سوالات بڑھتے جا رہے ہیں۔

مقبول خبریں