امن وامان کی مجموعی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کی ہڑتال کی کال سے نمٹنے کےلیےراولپنڈی میں سخت سیکورٹی

42 سو  سے زائد افسران وجوان سکیورٹی و ٹریفک منظم رکھنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔


ویب ڈیسک February 08, 2026

سیکیورٹی و امن وامان کی مجموعی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کی جانب سے ہڑتال کی کال و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کے احکامات کے مطابق راولپنڈی پولیس کے شہر بھر میں سکیورٹی انتطامات مکمل کرتے ہوئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے 42 سو  سے زائد افسران وجوان سکیورٹی و ٹریفک منظم رکھنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

تمام سینئیر افسران کوبل فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کا پابند کیاگیا ہے شہر میں 82 مقامات پر خصوصی پکٹس  قائم  کرکے داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ  کی جاری ہے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہناتھاکہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کسی بھی مقام پر غیر قانونی اجتماع، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں ہے۔

ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن کی ٹیمیں شہر بھر میں گشت کر رہی ہیں، جبکہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں سے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کسی کو بھی شہریوں کے معمولات زندگی میں خلل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کسی قسم کی شرانگریزی یا قانون شکنی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور قانون کی بالادستی اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا۔

مقبول خبریں