سوشل میڈیا ویڈیو کا جنون جان لے گیا، بھارتی خاتون کی المناک موت

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا


ویب ڈیسک February 08, 2026

بھارت میں سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کا شوق ایک خاتون کے لیے جان لیوا ثابت ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع بانڈہ میں پیش آیا، جہاں 27 سالہ موہنی اپنے گھر میں ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھی۔

اہلِ خانہ کے مطابق موہنی ایک ڈرامائی منظر کی ویڈیو دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس مقصد کے لیے اس نے اپنے گلے میں پھندا ڈالا اور موبائل فون پر ویڈیو بنانے کے لیے اسٹول پر کھڑی ہو گئی۔ اس دوران اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور پھندا گردن کے گرد سخت ہونے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکی۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کا علم اس وقت ہوا جب موہنی کی چار سالہ بیٹی کمرے میں پہنچی اور ماں کو لٹکا ہوا دیکھا۔ بچی کی چیخ و پکار پر اہلِ محلہ جمع ہو گئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم ابتدائی شواہد کے مطابق یہ ایک حادثہ ہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا کے لیے خطرناک مناظر کی نقل کرنے کے رجحان پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

مقبول خبریں