ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے آج لاہور میں آئی سی سی وفد سے ہونے والی میٹنگ کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوبارہ وزیراعظم سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی وزیر اعظم شہباز شریف کو میٹنگ میں زیر بحث معاملاتِ پر بریفنگ دیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے میٹنگ میں واضح کیا کہ فیصلہ حکومت نے ہی کرنا ہے۔
پی سی بی کے ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں پی سی بی نے آئی سی سی وفد کو اپنے اصولی موقف سے آگاہ کیا کہ پاکستان بھارت سے 15 فروری کا میچ نہیں کھیلے گا، ملاقات میں بی سی بی کے صدر اور آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین بھی موجود تھے۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئر مین عمران خواجہ نے بعض معاملات پر پاکستان اور بنگلا دیش کے موقف کی حمایت بھی کی اور پی سی بی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ڈپٹی چیئرمین نے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا۔ان کا موقف تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کے توسیع تر مفاد میں بھارت کے ساتھ میچ کھیلنا چاہیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے واضح کیا کہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہے اور بھارت سے میچ کھیلنے کا فیصلہ حکومت ہی کرے گی اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دوبارہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔