حیدرآباد، ٹریفک حادثے میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لیاقت جسکانی جاں بحق

ڈی ایس پی لیاقت جسکانی کو دوران ڈرائیونگ اچانک دل کا دورہ پڑا


ویب ڈیسک February 09, 2026
فوٹو: فائل

حیدرآباد:

حیدرآباد کے علاقے ائیرپورٹ یونٹ نمبر 12 میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لیاقت جسکانی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی لیاقت جسکانی کو دوران ڈرائیونگ اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث ان کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی ڈی ایس پی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر حیدرآباد لیاقت جسکانی کے کار حادثے میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آئی جی سندھ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ لیاقت جسکانی ایک فرض شناس، محنتی اور پیشہ ور افسر تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم افسر کی اچانک وفات سندھ پولیس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے لیاقت جسکانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

آئی جی سندھ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔

مقبول خبریں