لاہور، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین السلام وطن واپس روانہ

محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر خود پہنچ کر معزز مہمان کو الوداع کہا


ویب ڈیسک February 09, 2026
فوٹو: اسکرین گریپ

لاہور:

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین السلام اپنا دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر خود پہنچ کر معزز مہمان کو الوداع کہا۔

ذرائع کے مطابق امین السلام نے اپنے دورے کے دوران پی سی بی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ کرکٹ تعلقات، باہمی سیریز اور آئی سی سی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں بورڈز کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

امین السلام نے گزشتہ رات قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی وفد کے ساتھ پی سی بی کے چیئرمین کی ہونے والے بات چیت میں شرکت کی جو کہ خوشگوار ماحول میں ہوئی۔

طویل میٹنگ میں زیر بحث ایشوز پر گفتگو کے بعد اب آئی سی سی کے نمائندے عمران خواجہ میٹنگ کی تفصیلات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے۔

ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلا دیشی بورڈ کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ روابط مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے امین السلام کے دورے کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیا۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نے مہمان نوازی پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

مقبول خبریں