محراب پور اور سیٹھارجہ ریلوے اسٹیشن کے درمیان کراچی سے پنجاب جانے والی مال بردار ٹرین ڈی ریل ہو گئی، جس کے نتیجے میں اَپ اور ڈاؤن دونوں پٹڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث متعدد مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی مرمت اور بحالی میں 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت معمول پر آنے کا امکان ہے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر ریلوے حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق ریلیف ٹرین موقع پر موجود ہے اور بحالی کا عمل جاری ہے، امدادی سرگرمیاں مکمل ہوتے ہی ٹریک کو کھول دیا جائے گا۔
ریلوے کی ٹیکنیکل ٹیم وجوہات کا تعین کر کے رپورٹ ہیڈکوارٹرز بھیجے گی، ڈی ریلمنٹ سے عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔
دوسری جانب، ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی تمام ٹرینیں پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی روانہ ہوں گی۔ مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کو معمول پر رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔