امریکی کانگریس آج بدنام زمانہ فنانسر جیفری ایپسٹین کی قریبی ساتھی گھسلین میکسویل سے بند کمرے میں بیان ریکارڈ کرے گی، تاہم امکان ہے کہ وہ سوالات کے جواب دینے سے انکار کر دیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 20 سال قید کی سزا کاٹنے والی گھسلین میکسویل، جو ایپسٹین کے لیے کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئی تھیں، امریکی ایوانِ نمائندگان کی اوور سائٹ کمیٹی کے سامنے ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوں گی۔
کانگریسی کمیٹی ایپسٹین کے بااثر سیاسی اور کاروباری شخصیات سے تعلقات اور اس کے جرائم سے متعلق معلومات کے سرکاری ریکارڈ کو جانچ رہی ہے۔ تاہم میکسویل کے وکلا کا کہنا ہے کہ اگر انہیں قانونی استثنیٰ نہ دیا گیا تو وہ امریکی آئین کی پانچویں ترمیم کے تحت خود کو مجرم ثابت ہونے سے بچانے کے حق کا استعمال کریں گی۔
وکلا کے مطابق کانگریس کی جانب سے قانونی تحفظ نہ دیے جانے کی صورت میں یہ کارروائی محض سیاسی ڈرامہ ثابت ہوگی۔ امریکی قانون سازوں نے میکسویل کو استثنیٰ دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2008 میں نابالغ لڑکی سے جنسی تعلقات کے جرم میں سزا یافتہ قرار پایا تھا۔ 2019 میں بچوں کی اسمگلنگ کے مقدمے کی سماعت کے دوران وہ جیل میں ہلاک ہو گیا، جسے سرکاری طور پر خودکشی قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر بل کلنٹن سمیت کئی بااثر شخصیات کے ایپسٹین سے تعلقات سامنے آنے کے بعد امریکی سیاست میں شدید ہلچل مچی تھی۔ اوور سائٹ کمیٹی آئندہ دنوں میں بل کلنٹن اور ہلیری کلنٹن سے بھی بیان لینے کا ارادہ رکھتی ہے، جنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بیانات عوامی سطح پر ریکارڈ کیے جائیں۔