پشاور: دوران حراست شہری کی ہلاکت کے کیس میں نامزد 2 پولیس اہلکار گرفتار

دونوں ملزمان کو ضمانت خارج ہونے پر  کمرہ عدالت سے حراست میں لیا گیا 


ویب ڈیسک February 09, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

دوران حراست شہری کی ہلاکت کے کیس میں نامزد پولیس اہلکاروں کو ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔ 

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور طلاء محمد نے دونوں پولیس اہلکاروں  کی ضمانت درخواستیں خارج کردیں جس کے بعد  پولیس نے دونوں پولیس اہلکاروں کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے لیا۔ 

پراسیکیوشن کے مطابق پولیس اہلکار مطیع اللہ اور سعود خان سفید ڈھیر پولیس پوسٹ میں تعینات تھے، دونوں پولیس اہلکاروں نے گاڑی چوری کے الزام میں ایک زخمی شہری کو حراست میں رکھا، حراست کے دوران شہری محمد اعجاز سکنہ ریگی کی موت واقع ہوگئی۔

پراسیکیوشن کے مطابق واقعے کی انکوائری جوڈیشل مجسٹریٹ نے کی، ایف آئی اے نے انکوائری کے بعد دونوں  پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج کیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں نے عدالت سے عبوری ضمانت کے لیے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے دونوں  ملزمان کی ضمانت درخواستیں خارج کردیں جس کے بعد پولیس نے دونوں  ملزمان کو کمرہ عدالت سے حراست میں لیا۔

مقبول خبریں