کراچی؛ شوگر کے مریضوں کی ٹانگیں کٹنے سے بچانے کے لیے جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ قائم

یہ سہولت ایمپیوٹیشن فری سندھ کے مشن کو عملی شکل دے گی


ویب ڈیسک February 09, 2026

کراچی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں شوگر اور السر کے مریضوں کی ٹانگیں کٹنے سے بچانے کے لیے جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ قائم کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ ہے۔ کراچی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما میں ویسکولر ہائبرڈ سوئیٹ کا افتتاح وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ یہ کامیابی ماہر ڈاکٹرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے اور جدید سرجری سے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ شوگر اور السر کے مریضوں میں اعضاء کاٹنے کے واقعات میں واضح کمی متوقع ہے۔ وزیر صحت سندھ نے اس موقع پر نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر صابر کو ہدایت دی کہ نیورو سرجری ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور اسے 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔

انہوں نے کراچی میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کی تعداد میں کمی لوکل گورنمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کی بڑھتی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں دو مزید جدید ٹراما سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جس سے عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔

ڈاکٹر صابر میمن کے مطابق وی ٹیک ہائبرڈ ویسکولر سوئیٹ ویسکولر سرجری میں ایک انقلابی قدم ہے، خاص طور پر ٹراما، ذیابیطس کے مریضوں کے پاؤں، شریانوں کی بیماریوں اور دیگر اعضا کو لاحق شدید خطرات کے علاج کے لیے۔

مقبول خبریں