بنگلادیش میں الیکشن ڈے سے قبل ہائی الرٹ، فوج تعینات، موٹر سائیکل پر پابندی

یہ انتخابات اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور ملک چھوڑنے کے بعد پہلی بار ہو رہے ہیں


ویب ڈیسک February 10, 2026

بنگلادیش میں عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں اور فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات جمعرات کو ہوں گے، جس کے لیے ڈھاکا سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں انتخابی مہم کا آخری روز مکمل ہو چکا ہے۔

انتخابی عمل کو پُرامن بنانے کے لیے حکومت نے رات 12 بجے سے تین روز کے لیے ملک بھر میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ سکیورٹی ادارے پولنگ اسٹیشنز اور حساس علاقوں میں الرٹ رہیں گے۔

300 رکنی قومی پارلیمان کی نشستوں کے لیے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی، بنگلادیش جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار 981 امیدوار میدان میں ہیں۔ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 300 میں سے کم از کم 151 نشستیں حاصل کرنا ہوں گی۔

یہ انتخابات اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ اور ملک چھوڑنے کے بعد پہلی بار ہو رہے ہیں۔ اس کے بعد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

دوسری جانب ایک تازہ عوامی سروے کے مطابق انتخابات میں سخت مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی قیادت میں اتحاد کو 44.1 فیصد جبکہ بنگلادیش جماعتِ اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو 43.9 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

مقبول خبریں