اٹلی میں دن دیہاڑے کیش وین لوٹنے کی فلمی انداز کی ڈکیتی ناکام، ویڈیو وائرل

واقعے کے دوران سڑک پر موجود کئی شہریوں کو زبردستی گاڑیاں روکنے پر مجبور کیا گیا


ویب ڈیسک February 10, 2026

اٹلی میں دن دیہاڑے پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی کوشش کی، تاہم یہ واردات ناکام بنا دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اسٹیٹ روڈ 613 پر پیش آیا جہاں ملزمان نے ایک ٹرک سڑک کے درمیان کھڑا کر کے اسے آگ لگا دی۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کی طرز پر گاڑیوں کی لائٹس روشن کر کے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اہلکار کسی ہنگامی صورتحال پر قابو پا رہے ہیں۔ اسی دوران آرمرڈ کیش وین کے قریب دھماکا ہوا اور ملزمان کا پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

واقعے کے دوران سڑک پر موجود کئی شہریوں کو زبردستی گاڑیاں روکنے پر مجبور کیا گیا اور ڈاکوؤں نے ان سے نقدی اور قیمتی اشیاء بھی چھین لیں، تاہم کیش وین لوٹنے میں ناکامی رہی۔

فرار کی کوشش کے دوران ملزمان نے پولیس کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

مقبول خبریں