امریکا میں تربیتی طیارہ مصروف شاہراہ پر گاڑیوں سے ٹکرا گیا، ویڈیو وائرل ہوگئی

واقعے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس سے طویل ٹریفک جام پیدا ہوا


ویب ڈیسک February 10, 2026

امریکا کی ریاست جارجیا میں ایک تربیتی چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران مصروف شاہراہ پر کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ پیر کے روز جارجیا کے شہر گینزویل میں پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سنگل انجن والا تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا تھا، جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر سڑک پر لینڈنگ کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق طیارے میں اتنی طاقت نہیں تھی کہ وہ واپس ہوائی اڈے تک پہنچ سکتا۔

عینی شاہدین اور وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ سڑک پر لینڈ کرنے کے بعد متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔ پولیس کے مطابق لینڈنگ کے دوران طیارے کا دایاں بازو ایک گاڑی سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں فیول ٹینک الگ ہو گیا اور طیارہ مزید دو گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔

حادثے میں ملوث افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد متاثرہ شاہراہ کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جس سے طویل ٹریفک جام پیدا ہوا۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے کینٹن کے چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ جا رہا تھا۔ این ٹی ایس بی کا کہنا ہے کہ روانگی کے کچھ دیر بعد پائلٹ کو انجن میں خرابی کا سامنا ہوا، جس کے بعد حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مقبول خبریں