راولپنڈی میں 25 کلومیٹر طویل سگنل فری منصوبے پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے اور اب تک 51 فیصد تعمیراتی کام محض 50 دنوں میں مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 9 انڈر پاسز اور 3 فلائی اوورز پر دن رات کام جاری ہے۔
اس منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ سی اینڈ ڈیبلیو کے افسران نے بریفنگ دی، جبکہ راولپنڈی سے متعلقہ افسران نے آن لائن شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہ منصوبہ 30 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سے پشاور روڈ تک سگنل فری کوریڈور پر بھرپور انداز میں کام جاری ہے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ راولپنڈی میں اسمارٹ انفراسٹرکچر کی تعمیر سے اربن موبیلٹی کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ہائی وے اپریل تک منصوبہ مکمل کرنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر کو ضلع راجن پور میں شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ دو سال میں راجن پور میں 12 ارب روپے کی لاگت سے 72 سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر مواصلات نے کہا کہ پنجاب تعمیر و ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور عوام کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔