کراچی میں گولیمار کے علاقے میں ایک گھر میں تشدد سے خاتون جاں بحق ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رضویہ تھانے کے علاقے گولیمار نمبر ایک حیدری مسجد والی گلی میں واقع مکان نمبر ای 405 سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔
خاتون کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتولہ خاتون کی شناخت 25 سالہ کنزا زوجہ راشد کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او رضویہ بشارت کے مطابق مقتولہ خاتون نے شوہر راشد علی نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی اہلیہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنا گیا ہے اور وہ اپنی اہلیہ کو نیم بہیوشی کی حالت میں سول اسپتال لیکر پہنچا جہاں اس کی بیوی دوران علاج دم توڑ گئی۔
اطلاع ملنے پر بعد پولیس نے خاتون کے شوہر کے بیان کی روشنی میں قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ خاتون کے سر پر زخم اور تشدد کے نشان پائے گیے ہیں، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران کے مطابق اسپتال انتظامیہ کی جانب سے خاتون کی ہلاکت کی اطلاع پولیس کو ملی۔
پولیس اسپتال پہنچی تو خاتون کی تشدد زدہ لاش موجود تھی۔ خاتون کے شوہر راشد علی نے بتایا کہ وہ گھر سے باہر تھا۔ گھر پہنچا تو اس کی بیوی شدید زخمی حالت میں تھی۔
شوہر راشد علی کے مطابق اس کی بیوی کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ شدید زخمی حالت میں وہ بیوی کو لے کر ہسپتال پہنچا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ مقتولہ کے شوہر سے مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔