سیریل گینیز ورلڈ ریکارڈ شکن نے اپنی ٹھوڑی پر 1 گھنٹہ اور 20 منٹ تک کرسی کا توازن قائم کر کے اپنا کھویا ہوا ٹائٹل واپس حاصل کر لیا۔
امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش (جنہوں نے حال ہی میں 19 منٹ 11 سیکنڈ تک ٹھوڑی پر سیڑھی کا توازن قائم کر کے ریکارڈ قائم کیا تھا) نے سب سے پہلے ٹھوڑی پر 1 گھنٹہ اور 8 منٹ تک کرسی کا توازن قائم کر کے طویل دورانیے تک ایسا کرنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
بعد ازاں ایک اور بیلنس ایکسپرٹ نے 1 گھنٹہ اور 19 منٹ تک یہ توازن قائم کر کے یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
ڈیوڈ رش نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ گزشتہ چند مہینوں سے وہ خاص طور پر اپنی گردن کی برداشت دوبارہ بحال کرنے کی تربیت لے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام واقعی گردن میں تکلیف کا سبب ثابت ہوا، کیونکہ اس ریکارڈ میں جبڑا، گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے اوپری حصے پر مسلسل دباؤ رہتا ہے اور کرسی اپنی جگہ آنے کے بعد کسی لمحے بھی آرام نہیں ملتا۔ ان کے مطابق ہر گزرتا ہوا سیکنڈ فعال کنٹرول کا تقاضا کرتا ہے۔
ڈیوڈ رش کی جانب سے جمع کرائے گئے شواہد کے معائنے کے بعد گینیز ورلڈ ریکارڈز نے یہ ٹائٹل واپس ان کے نام ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔