نمیبیا کے کپتان نے بھارت کے خلاف میچ سے قبل ورلڈ کپ انتظامیہ پر ناقص انتظام وجہ سے کڑی تنقید کی ہے۔
بدھ کے روز گفتگو کرتے ہوئے نمیبیا کے کپتان جرہارڈ اریسمس کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بھارت کے خلاف شیڈول نائٹ میچ سے قبل ان کے لیے فلڈ لائٹس میں کوئی ٹریننگ سیشن نہیں رکھا۔
نمیبیا نے اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف پیر کو دن کے وقت میں کھیلا تھا اور آئندہ دو دنوں میں ان کے دونوں ٹریننگ سیشنز دن کی روشنی میں ہوئے تھے۔ دوسری جانب بھارت کی ٹیم میچ سے قبل رات میں دو بار ٹریننگ کر چکی ہے۔
کپتان جیرہارڈ اریسمس کا کہنا تھا کہ ٹیم کو اس میچ سے قبل رات کے ٹریننگ سیشنز نہیں دیے گئے اور ان کو نہیں معلوم ایسا کیوں کیا گیا۔ بھارت کو دو نائٹ ٹریننگ سیشنز دیے گئے اور انہوں نے باہر دیکھا کہ کینیڈا بھی نائٹ ٹریننگ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نمیبیا میں ان کے میدانوں میں فلڈ لائٹس نہیں ہیں۔ انفرا اسٹرکچر کے اعتبار سے یہ ان کے لیے مشکل ہوگا، جن کو تجربہ نہیں ان کے لیے یہ عام بات نہیں ہوگی۔