کراچی، مختلف علاقوں میں پانی کا بدترین بحران، شہری بوند بوند کو ترس گئے

کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 روز سے پانی کی فراہمی بند ہے


نعیم خانزادہ February 11, 2026
(فوٹو: انٹرنیٹ)

کراچی:

کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا، مرمتی کام کے نام پر شہر کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہے اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے جبکہ ٹینکروں کے ذریعے پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔

جبکہ ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال میں 84 انچ قطر آب کامرمتی کام مکمل کر لیاگیا،بدھ اور جمعرات سے پانی کی فراہمی مکمل طورپرشروع کردی جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 19 میں 84 انچ قطر آب کی لائن میں رسائوآگیا تھا،جس کامرمتی کام پیر سے شروع کیاگیا جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے 200 ملین گیلن یومیہ پانی کم فراہم کیاجارہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے شہر میں پانی کانظام درہم برہم ہوکر رہے گیا، شہری پانی کی بوند بوندکو ترس گئے۔ 

ایک لائن کے مرمتی کام نے شہرکے مختلف علاقوں کورنگی ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی ،گلشن اقبال ،گلستان جوہر، لیاقت آباد، ناظم آباد، پی آئی بی کالونی، صدر، اولڈسٹی ایریا،محمودآباد،ڈیفنس ،گلہبار سمیت دیگر میں چاردن سے پانی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان کاکہنا تھاکہ جمعہ کومرمتی کام مکمل کیاجائے گا، لیکن حیران کن طور پر بدھ کی شام ہی مرمتی کام مکمل کر لیااور لائنوں کی چارجنگ شروع کردی گئی، بدھ اور جمعرات تک پانی کی فراہمی شروع ہوجائیگی۔ 

یہ دعوی واٹرکارپوریشن کی جانب سے کیاجارہاہے، لیکن شہر میں آئے دن پانی کی لائنیں پھٹنا ، رسائو، بجلی کابریک ڈائون معمول بن چکاہے،شہر میں پانی کاحصول شہریوں کومشکل ترین ہوگیاہے، شہری مہنگے داموں ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں۔ 

کراچی میں پانی کابحران روزکامعمول بن گیاہے،شہرکااہم مرکزسوک سینٹر جہاں دوروز پانی کی فراہمی بندہے،جہاں ملازمین اورساحلوں کو شدیدمشکلات کاسامناہے،مساجد میں وضو تک کاپانی نہیں،جبکہ متاثرہ علاقوں میں بھی یہ ہی صورتحال ہے۔

جبکہ 84 انچ کی لائن کے مرمتی کام کی وجہ سے لانڈھی اور شیرپائوہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی بند ہے،جبکہ صفورہ اور نیپاچورنگی سے بھی شہریوں کو پانی کی فراہمی شدیدمتاثرہے۔

ترجمان واٹرکارپوریشن کاکہناہے کہ کراچی واٹرکارپوریشن نے شہرکی مرکزی پانی کی لائن کے مرمتی کام کوکامیابی سے مکمل کر لیا،مرمتی کام مکمل ہونے کے بعددھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شہر میں پانی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔

مقبول خبریں