بالوں کو گھنا اور پرکشش بنانے کےلیے استعمال ہونے والی ہیئر ایکسٹینشنز سے متعلق ایک چونکا دینے والی تحقیق سامنے آئی ہے، جس میں ان مصنوعات میں صحت کے لیے نقصان دہ اور حتیٰ کہ سرطان سے منسلک کیمیکلز کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ماہرین نے اس حوالے سے ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے صارفین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہیئر ایکسٹینشنز دنیا بھر میں فیشن اور گلیمر انڈسٹری کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ آسٹریلوی ماڈل ایلے میکفارسن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سمیت کئی مشہور شخصیات بھی انہیں استعمال کر چکی ہیں، جس کے باعث عام افراد میں بھی ان کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے۔
یہ ایکسٹینشنز بالوں کو زیادہ گھنا، لمبا اور دلکش دکھانے کا فوری حل سمجھی جاتی ہیں۔ تاہم امریکی ریاست میساچوسیٹس میں قائم سائلنٹ اسپرنگ انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے حالیہ تحقیق میں ان مصنوعات کے اندر کئی خطرناک کیمیکلز کی نشاندہی کی ہے۔ حیران کن طور پر یہ کیمیکلز ان ایکسٹینشنز میں بھی پائے گئے جو انسانی بالوں سے تیار کی جاتی ہیں۔
تحقیق کے دوران ماہرین نے آن لائن فروخت ہونے والی 43 مقبول مصنوعات کا مختلف کیمیکلز کی موجودگی کے لیے تجزیہ کیا۔ نتائج میں درجنوں مضر صحت مادوں کے آثار ملے جن میں فلیم ریٹارڈنٹس (آگ سے بچاؤ کے کیمیکلز)، فیتھالیٹس، کیڑے مار ادویات، اسٹائرین، ٹیٹراکلوروایتھین اور آرگینو ٹنز شامل ہیں۔ سابقہ سائنسی مطالعات کے مطابق یہ کیمیکلز کینسر، ہارمونز میں بگاڑ، بچوں کی نشوونما کے مسائل اور مدافعتی نظام پر منفی اثرات سے منسلک پائے گئے ہیں۔
تحقیقی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر الیسیا فرینکلن کا کہنا ہے کہ بیشتر کمپنیاں اپنی مصنوعات میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کرتیں، جس کی وجہ سے صارفین طویل عرصے تک ممکنہ خطرات سے لاعلم رہتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ فائبرز براہ راست سر اور گردن کے قریب لگائے جاتے ہیں، اور جب انہیں حرارت دے کر اسٹائل کیا جاتا ہے تو کیمیکلز فضا میں شامل ہو سکتے ہیں، جنہیں استعمال کرنے والا شخص سانس کے ذریعے جسم میں داخل کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کلپ اِن، ٹیپ اِن، ویوز اور مائیکرو لنکس جیسی مختلف اقسام کی ہیئر ایکسٹینشنز برطانیہ اور امریکا میں بے حد مقبول ہیں اور بیوٹی انڈسٹری کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ صارفین ایسی مصنوعات کے انتخاب میں محتاط رہیں اور ممکن ہو تو کیمیکل سے پاک یا تصدیق شدہ محفوظ آپشنز کو ترجیح دیں۔