وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ماڈل جیل اور نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تعمیر ہاسٹل کے دورے کیے۔
تفصیلات کے مطابق 15 برس سے زیر التواء اسلام آباد جیل کا منصوبہ صرف ایک برس میں تکمیل کے قریب ہے۔ 85 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ صرف 2 ماہ بعد فنکشنل ہوگیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ماڈل جیل اور زیر تعمیر ہاسٹل کے تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیرکس کا معائنہ کیا۔ تعمیراتی کام کی رفتار و معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جدید ماڈل جیل کا قیام سیکیورٹی کے پیشِ نظر بہت ضروری ہے۔ نیشنل پولیس اکیڈمی میں جدید انفراسٹرکچر کے قیام سے پولیس تربیت کا معیار مزید بلند ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہاسٹل کی تکمیل سے پولیس افسران کو بہترین رہائشی سہولتیں مہیا کی جا سکے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کو تعمیراتی کام پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا اور کئی سال تعطل کا شکار رہا۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ جیل منصوبے کے فیز ون کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصررضوی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔