کراچی حیدرآباد موٹروے ایم 9 پر کاٹھور کے مقام پر پانچ گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم نائن سپر ہائی وے انصاری پل کے قریب چار تیز رفتار گاڑیاں اور مسافر بس مال بردار ٹرک سے ٹکرا گئیں۔
حادثے میں ایک مسافر بس، ایک مال بردار ٹرک جبکہ کم از کم تین کاریں ٹکرائیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی جبکہ 10 موقع پر جاں بحق ہوئے۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122، چھیپا اور ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں انہوں نے امدادی کام سرانجام دیے۔
امدادی حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مزید اموات کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
عینی شاہدین کے مطابق مال بردار ٹرک الٹنے کی وجہ سے ڈیزل سڑک پر پھیل گیا تھا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق نے بتایا کہ سپر ہائی وے ایم نائن موٹر وے انصاری پل پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق 12 افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال لائی گئیں، جن میں 4 بچیاں اور 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ ایک لاش کو شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا اور دیگر لاشوں کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک لیے گئے ہیں جس کے بعد حتمی طور پر ہی جاں بحق افراد کی شناخت کا پتہ چل سکے گا۔
اُدھر ہائی وے ایم نائن موٹر وے انصاری پل پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں ، بچیوں اور خواتین سمیت 11 افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال میں ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ایدھی حکام حوالے کر دیا گیا۔
جنہیں سہراب گوٹھ پر قائم ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق آئل ٹینکر کے ڈرائیور رفیع اللہ کی لاش شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔