کراچی میں پانی کا بحران بدترین شکل اختیار کرگیا

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے


نعیم خانزادہ February 14, 2026
فوٹو فائل

کراچی:

کراچی میں گزشتہ 6 روز سے جاری پانی کا بحران بدترین شکل اختیار کرگیا ہے جہاں 84 انچ کی لائن کا مرمتی کام مکمل ہونے کے باوجود شہر میں پانی کی فراہمی معمول پر نہ آسکی اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن کی وجہ سے صورت حال مزید خراب ہوگئی۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق کے-الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بار بار بریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج دوپہر ایک بج کر تیس منٹ پر اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن پیش آیا جس کے نتیجے میں کے تھری (K-III) پمپ ہاؤس کی بجلی منقطع ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بریک ڈاؤن کے باعث کے تھری پمپ ہاؤس کے چار میں سے تین پمپ بند ہوگئے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں کو پانی کی ترسیل میں خلل پیدا ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی کے اچانک بریک ڈاؤن اور کیبل فالٹ کے باعث پمپنگ آپریشن شدید متاثر ہوتا ہے، جس کا براہ راست اثر شہریوں کو پانی کی فراہمی پر پڑتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے حکام فوری طور پر متحرک ہوگئے ہیں اور مسئلے کے جلد از جلد حل کے لیے کے-الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی بحال کرکے پانی کی ترسیل کو معمول پر لایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور جیسے ہی بجلی مکمل طور پر بحال ہوگی، شہر میں پانی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔

مقبول خبریں