راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے معاملے پر جیل میں علاج کا ریکارڈ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو بھجوا دیا گیا جب کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم کا میڈیکل بھی چیک اپ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وائٹل سائنز بلڈ پریشر، نبض، ٹمپریچر اور شوگر کا مکمل چارٹ بھی ارسال کیا گیا۔
بانی کی آنکھوں سے متعلق صورتحال کی رپورٹ، کنسلٹنس رپورٹس اور میڈیکل اسٹاف کی تفصیلات بھی ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائی گئیں۔
ذرائع کے مطابق کب کس ڈاکٹر نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اس کی تفصیلات بھی شامل ہیں، آن ڈیوٹی ڈاکٹرز روزانہ تین مرتبہ بانی پی ٹی آئی کے وائٹل سائنز اور طبی معائنہ کرتے ہیں جبکہ روزانہ طبی معائنہ اور وائٹل سائنز کا ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جاتا ہے۔
بعد ازاں راولپنڈی ہولی فیملی اسپتال کی ایمبولینس اڈیالہ جیل پہنچی، ایمبولینس میں مختلف ادویات،میڈیکل ایکوپمنٹ لایا گیا، ایمبولینس گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر بجھوائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایمبولینس میں آنکھوں کے معائنہ کے طبی آلات میں موجود تھے، عمران خان کے طبی معائنے کے لئے اسلام آباد کے بہترین اسپتالوں کے بہترین ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل ٹیم پی ٹی آئی کی قیادت کی نمائندگی کے لیے جیل میں ڈھائی بجے سے منتظر رہی۔
بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کرنے کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم واپس روانہ ہو گئی، ٹیکنیشن بھی 5رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ تھے، ڈاکٹر اپنی رپورٹ مکمل کرکےحکومت کے حوالے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے تقریبا ایک گھنٹہ تک اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، حکومت کی دعوت اور کافی انتظار کے باوجود تحریک انصاف کا کوئی بھی رہنما عمران خان کے چیک اپ میں شرکت کے لیے جیل نہیں پہنچا، کوئی بھی رہنما اسپتال نہیں پہنچا تو ڈاکٹرز نے چیک اپ شروع کر دیا۔