غزہ میں بورڈ آف پیس ممالک کے ہزاروں فوجی اہلکار تعینات ہوں گے، ٹرمپ کا بڑا اعلان

ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حماس کو مکمل اور فوری غیر مسلح ہونے کے اپنے عزم پر قائم رہنا ہوگا


ویب ڈیسک February 16, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس کے رکن ممالک نے غزہ میں تعینات ہونے والی انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس کے لیے ہزاروں اہلکار فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ اس پیش رفت کا باضابطہ اعلان 19 فروری کو واشنگٹن میں ہونے والے بورڈ آف پیس کے اجلاس میں کیا جائے گا، جو ٹرمپ پیس انسٹیٹیوٹ آف پیس میں منعقد ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رکن ممالک نے غزہ میں انسانی امداد اور تعمیر نو کے لیے 5 ارب ڈالر سے زائد فنڈ فراہم کرنے کا بھی عہد کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی اور امن برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں اہلکار انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس اور مقامی پولیس کے ساتھ تعینات کیے جائیں گے۔

ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حماس کو مکمل اور فوری غیر مسلح ہونے کے اپنے عزم پر قائم رہنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف پیس تاریخ کا سب سے اہم بین الاقوامی ادارہ ثابت ہوگا اور اس کی سربراہی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بھی آئندہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود ہوں گے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت جنگ بندی کے بعد غزہ میں بین الاقوامی استحکامی فورس کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ بورڈ آف پیس کو گزشتہ ماہ باضابطہ طور پر قائم کیا گیا۔

مقبول خبریں