حکم پرعمل کرنےوالے چیئرمین کو ہٹادیاگیا، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ این ایچ اے حکام پر برہم

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن افسران کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی


ویب ڈیسک February 16, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن افسران کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل علی نواز کھرل اور این ایچ اے کی جانب سے وکیل سردار تیمور اسلم پیش ہوئے۔

عدالت نے این ایچ اے کو اپنے افسران کی تعیناتی کا پلان حکومت کے سامنے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے این ایچ اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتیوں کا ریکارڈ 15 روز میں عدالت میں جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر این ایچ اے حکام پر برہم ہو گئے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ستمبر میں ہم نے حکم جاری کیا اس پر کیوں عمل درآمد نہیں ہوا، پسند ناپسند اور اقربا پروری ہوتی جا رہی ہے، من پسند تعیناتیاں ہو رہی ہیں، لوگ منافع دیکھ کر تعیناتیاں اور فیصلے کر رہے ہیں، پہلے سی ڈی اے حکومت کھا گیا اب این ایچ اے وہی کام کر رہا ہے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ ہمارے حکم پر عمل درآمد کرنے والے چیئرمین کو ہٹا دیا گیا کیونکہ وہ عمل درآمد کر رہا تھا، ہمارا حکم اس افسر کو لگانے والوں کو ناگوار گزرا اور اسے ہٹا کر نیا افسر لگا دیا، اس کو جا کر بتا دیں جس نے یہ حرکتیں کی ہیں ہم ایکشن لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں میں ایسے ہی کرپشن بڑھتی ہے، ڈیپارٹمنٹ میں ایسے لوگ ہی کھڑے کر دیے جاتے ہیں جو کام نہیں ہونے دیتے، ایسے ادارے کرپشن کا گھڑ بن چکے ہیں۔

عدالت نے ہدایات کے ساتھ کیس دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیا۔

مقبول خبریں