اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ لاجز اور خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر دھرنے ختم کردیے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل افریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر دھرنے کی جگہ سے روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
پارلیمنٹ لاجز میں بھی پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی اور سینٹرز کا دھرنا ختم کردیا گیا ہے تاہم پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کا دھرنا جاری ہے جس میں محمود اچکزئی، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ و دیگر رہنما شریک ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا اعلان محمود خان اچکزئی کریں گے، ہم بانی کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، رپورٹ میں جو بھی آئے گا اسے سب کے سامنے ضرور رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر ایک بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت محمود خان اچکزئی کریں گے۔
اجلاس میں تمام پارلیمنٹیرینز کو شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، دھرنے کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے، بانی چیئرمین کی میڈیکل رپورٹ پر بھی تفصیلی غور ہوگا۔