جڑانوالہ:
تھانہ روڈالہ کے علاقے چک نمبر 364 گ ب میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو سگے بھائی ہلاک ہوگئے، جبکہ ملزمان کی گاڑی کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت سعید اور آصف کے نام سے ہوئی ہے، جو تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے سے مبینہ طور پر ایک گاڑی چھین کر فرار ہوئے تھے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی تھانہ روڈالہ سمیت چار تھانوں کی پولیس نے ملزمان کا تعاقب شروع کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرکل بڑا گھر سیدوالہ کی حدود میں ملزمان اور پولیس کے درمیان آمنا سامنا ہوا، جہاں مبینہ طور پر دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں دم توڑ گئے۔
حکام کے مطابق تعاقب کے دوران ملزمان کی گاڑی بے قابو ہو کر ایک راہگیر پر چڑھ دوڑی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ اور اشتہاری تھے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔