کراچی؛ کیمیکل فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا

آتشزدگی کے دوراں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ڈی سی کیماڑی


ویب ڈیسک February 17, 2026

کراچی:

کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں ولیکا چورنگی کے قریب واقع کیمیکل فیکٹری کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔

چیف فائر آفیسر ہمایو خان کے مطابق سائٹ ایریا ولیکا چورنگی کے قریب کیمیکل کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، ٓآگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ شروع کر دی گئی اور کولنگ کا عمل 10 سے 12 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔

انچارج آپریشن 1122 سعد بھٹو کے مطابق گودام میں لگنے والی آگ پر 8 کے ایم سی اور 4 ریسکیو 1122 کی گاڑیوں نے قابو پایا، آتشزدگی کے دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی سی کیماڑی امیر فضل کے مطابق ابتدائی طور پر 16 افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، فیکٹری میں 250 کے قریب ورکرز کام کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لکڑی کے پائلٹ میں آگ لگی تھی، اطراف کی فیکٹریوں کو محفوظ بنایا گیا، ساڑھے دس بجے کے آس پاس آگ لگی تھی اور آگ فیکٹری کے ویئر ہاوس میں لگی تھی، آگ سے ویئر ہاوس کی ٹین کی چادروں سے چھت بھی گری۔

واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ فیکٹری کے اندر موجود تمام افراد کو فوری ریسکیو کیا جائے اور امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میئر اور کمشنر کراچی کو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات پر فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔

حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

مقبول خبریں