کراچی:
کراچی: سندھ اسمبلی نے ماہِ رمضان کے دوران سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد حکومتی رکن سمعتا افضال سید نے ایوان میں پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے رکن اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ گیس کے مسئلے پر ایوان میں سات بار قراردادیں منظور ہو چکی ہیں، لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات کیوں نہیں کر رہی۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے ایوان کو بتایا کہ اس معاملے پر پہلے بھی بات ہو چکی ہے اور آج کی قرارداد خاص طور پر ماہِ رمضان کے حوالے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اس مسئلے پر خط لکھا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں کچھ حد تک سہولت فراہم کی جاتی ہے، تاہم دیہی علاقوں میں بجلی اور گیس کی صورتحال زیادہ خراب ہے۔
بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سندھ اسمبلی نے حادثات کی صورت میں یونیورسل انشورنس کی رقم ایک لاکھ روپے سے پانچ لاکھ روپے کرنے کی قراداد بھی منظور کر لی ہے۔ قرارداد محمد مظاہر کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔