احسن اقبال کی بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیراعظم طارق رحمان کو دورہ پاکستان کی دعوت

احسن اقبال اور طارق رحمان نے جنوبی ایشیا کو جیوپولیٹکس کے بجائے جیو اکنامکس کی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا


ویب ڈیسک February 17, 2026
فوٹو: احسن اقبال ایکس

ڈھاکا:

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیراعطم طارق رحمان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد ملاقات میں مبارک باد دی اور دورہ پاکستان کی دعوت دی جہاں دونوں رہنماؤں نے سارک کو فعال بنانے اور جنوبی ایشیا کو جیو پولیٹکس کے بجائے جیو اکنامکس کی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وزیر اعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیر اعظم طارق رحمان سے حلف برداری کی تقریب کے بعد ملاقات کی اور وزیر اعظم کی جانب سے نیک تمناؤں اور مبارک باد کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دی۔

احسن اقبال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی احترام، مشترکہ تاریخ اور ہم آہنگ معاشی مفادات کی بنیاد پر ایک مضبوط اور مستقبل بین شراکت داری کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیر نے بنگلہ دیش میں پرامن جمہوری انتقال اقتدار کو جمہوری استحکام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے پاکستان کی خیرسگالی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش نوجوان آبادی رکھنے والی ابھرتی ہوئی معیشتیں ہیں اور آبادی کا یہ تناسب ایک سنہری موقع فراہم کرتا ہے، مہارتوں، کاروباری صلاحیتوں اور ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کا محرک بنایا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے دوطرفہ تجارت میں اضافے، ساحلی بندرگاہوں کے ذریعے بحری روابط کے فروغ اور سپلائی چین کے انضمام پر زور دیا تاکہ علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنائی جا سکے۔

انہوں نے صنعتی صلاحیتوں، ایس ایم ای سیکٹر اور برآمدی حکمت عملی میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی تجویز دی تاکہ دونوں ممالک عالمی ویلیو چینز میں اہم کردار ادا کر سکیں۔

احسن اقبال نے بنگلہ دیش–پاکستان نالج کوریڈور کے آغاز کے بارے میں بنگلہ دیش کے وزیراعظم کو آگاہ کیا جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور نوجوانوں کے تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

نالج کوریڈور کے تحت پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین جلد بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے تاکہ جامعات کے درمیان پروگرامز اور طویل المدتی ادارہ جاتی شراکت داری کو حتمی شکل دی جا سکے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ تعلیمی اور تحقیقی روابط پائیدار تعاون کی بنیاد بنیں گے، مشترکہ ترقیاتی چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کلیدی قومی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور گورننس کے شعبوں میں بہتری لانے پر مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

ثقافتی اور فکری روابط کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اقبال اکیڈمی کو ڈھاکا میں دوبارہ فعال بنانے اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ آئندہ سال ڈھاکا میں مشترکہ طور پر منانے کی تجویز پیش کی تاکہ ان کے پیغام خودی، اتحاد اور روحانی جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ ثقافتی سفارت کاری اور عوامی روابط معاشی تعاون کو تقویت دیں گے۔

سرکاری خبرایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان نے پاکستان کے اپنے سابقہ دورے میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے اپنی والدہ مرحومہ خالدہ ضیا کے ہمراہ اپنی ملاقاتوں کو نہایت خوش گوار اور یادگار قرار دیا اور وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے تعاون کے عملی فریم ورک کو تیز کرنے اور خیرسگالی کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سارک کو فعال بنانے اور جنوبی ایشیا کو جیوپولیٹکس کےبجائے جیو اکنامکس کی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ جنوبی ایشیا دنیا کے کم ترین مربوط خطوں میں شمار ہوتا ہے۔

بنگلہ دیش کے وزیراعطم اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بہتر رابطہ کاری، تجارتی سہولت کاری اور علاقائی ویلیو چینز کے فروغ کے ذریعے پاکستان اور بنگلہ دیش خطے کے تقریباً ایک چوتھائی انسانوں کے لیےخوش حالی اور مشترکہ ترقی کے نئے دروازے کھول سکتے ہیں۔

مقبول خبریں