بھارتی اے آئی سمٹ میں بدنظمی کا طوفان، عالمی سطح پر سوالات اٹھ گئے

شرکاء کو سیشن کے اوقات کی تصدیق کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جبکہ طویل قطاریں اور بدنظمی کی شکایات سامنے آئیں


ویب ڈیسک February 18, 2026

نئی دہلی میں منعقد ہونے والی بھارتی اے آئی سمٹ مبینہ بدانتظامی اور ناقص انتظامات کے باعث تنقید کی زد میں آگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز اور ایک برطانوی جریدے کی رپورٹس کے مطابق کانفرنس کے دوران شدید انتظامی بحران دیکھنے میں آیا جس سے شرکاء کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹس کے مطابق شرکاء کو سیشن کے اوقات کی تصدیق کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جبکہ طویل قطاریں، غیر معمولی رش اور بدنظمی کی شکایات سامنے آئیں۔ بعض شرکاء نے اسٹالز سے مصنوعات چوری ہونے کے واقعات کی بھی نشاندہی کی۔

برطانوی جریدے کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی کے مؤثر نظام کی عدم دستیابی کے باعث غیر ملکی وفود کو خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مندوبین نے انتظامی امور کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا۔

بھارت کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مبینہ بدانتظامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انتظامات میں خامیاں رہ گئیں جنہیں آئندہ دور کیا جائے گا۔

کچھ عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے حکومت کی منصوبہ بندی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

ناقدین کے مطابق وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بڑے ترقیاتی دعوے عملی میدان میں مؤثر انداز میں نظر نہیں آئے، تاہم حکومتی حلقے ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

مقبول خبریں