برازیل کی خاتون فٹبالر کیتھلین سوزا نے سعودی عرب میں اسلام قبول کر کے عمرہ ادا کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر نے منگل کے روز اپنی برازیلین کھلاڑی کیتھلین سوزا کے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا اور اس اقدام پر کلب میں جشن بھی منایا گیا۔
النصر نے کیتھلین سوزا کا اسلام قبول کرنے پر خیرمقدم کیا اور اس کے دیگر ساتھی بھی اس کی زندگی کے اس خاص لمحے کا جشن منا رہے تھے۔اسلام قبول کرنے کے بعد فٹبال کھلاڑی نے مسجد الحرام جا کر عمرہ ادا کیا۔
کلب نے اپنے آفیشل ایکس پلیٹ فارم پر کیتھلین سوزا کی ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ہم اپنی کھلاڑی کیتھلین سوزا کے ساتھ اس کی زندگی کا ایک خاص لمحہ شیئر کرتے ہیں۔ ہم خدا سے دعا گو ہیں کہ وہ اسے ثابت قدمی عطا فرمائے اور اس کے دل کو امن و سکون سے بھر دے۔
ویڈیو کے دوران بین الاقوامی کھلاڑی اپنے آنسو نہ روک سکی اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بس صرف صحیح راستہ تلاش کرنا چاہتی تھی اور اپنی شخصیت کا بہتر روپ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔