امریکا کا ایران کو آخری پیغام؟ ٹرمپ نے فوجی کارروائی کا اشارہ دے دیا

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اس ہفتے کے آخر تک ایران پر ممکنہ حملے کے لیے تیار ہو سکتا ہے


ویب ڈیسک February 19, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشاروں کے بعد وائٹ ہاؤس نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کر لے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایران کے لیے دانشمندی اسی میں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کرے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان عمان کی ثالثی میں حالیہ دنوں میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔ اس سے قبل مذاکرات اُس وقت تعطل کا شکار ہو گئے تھے جب اسرائیل نے گزشتہ سال ایران پر حملے کیے تھے، جس کے بعد 12 روزہ جنگ چھڑ گئی تھی۔

ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اس ہفتے کے آخر تک ایران پر ممکنہ حملے کے لیے تیار ہو سکتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کو مختلف فوجی آپشنز پر بریفنگ بھی دی جا چکی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ آئندہ مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک تیار کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنیوا میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں چند بنیادی اصولوں پر اتفاق ہوا ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن وہ دباؤ قبول نہیں کرے گا۔

ادھر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی سے بھی ایرانی وزیر خارجہ کا رابطہ ہوا ہے، جس میں جوہری پروگرام سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا دی ہے، جبکہ ایران نے بھی آبنائے ہرمز میں فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال انتہائی نازک قرار دی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں