اے این ایف نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو کوکین اور آئس فراہم کرنے والے نائجیرین منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
ترجمان کے مطابق نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والی منشیات اسمگلنگ تنظیموں کے خاتمے کے لیے قومی اور عسکری قیادت کی ہدایات کے مطابق، اینٹی نارکوٹکس فورس، پاکستان میں سرگرم غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے منشیات نیٹ ورکس کے خلاف، اپنی فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
سال 2025 میں نائجیرین منشیات نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نیٹ ورک کے ساتھیوں اور روابط پر مسلسل کڑی نگرانی برقرار رکھتے ہوئے، اے این ایف نے 2026 میں ایک بار پھر ایک اور نائجیرین کی سرپرستی میں چلنے والی تنظیم کو ختم کیا ہے، جو کہ تعلیمی اداروں میں کوکین اور میتھ ایمفیٹامین (آئس) پھیلانے کی کوشش کر رہی تھی۔
مستند انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے ایک اہم ڈسٹری بیوٹر چارلس چوکا (نائجیرین باشندے) کی نشاندہی کی، جو اسلام آباد اور راولپنڈی میں طلبہ کو منشیات فراہم کر رہا تھا۔ مسلسل نگرانی کے بعد اسے اسلام آباد کی ایک نجی سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا، جہاں سے 10 گرام کوکین بھی برآمد ہوئی۔
بعد ازاں تحقیقات کے نتیجے میں نیٹ ورک کے سرغنہ جوزف چینیدو (نائجیرین شہری) کی بحریہ ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر فالو اپ چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 26 کوکین کیپسول (600 گرام)، 90 کوکین ٹوکن (90 گرام) اور 160 گرام میتھ ایمفیٹامین برآمد ہوئی، یوں کوکین کی مجموعی برآمدگی 860 گرام رہی۔
تنظیم کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔
گرفتار ملزمان، برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔
ڈرگز اسمگلر تعلیمی اداروں میں کوکین کیپسول متعارف کروا رہے ہیں، جو رسائی بڑھانے اور گرفت سے بچنے کے بدلتے ہوئے طریقوں کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم ایسے نیٹ ورکس کے خلاف اے این ایف مستعد اور چوکس ہے۔
اے این ایف ’’ڈرگ فری اسلام آباد‘‘ مہم کو بھی بھرپور انداز میں نافذ کر رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے ناسور سے دور رہنے کا واضح پیغام دینا، دارالحکومت کو منشیات کی دراندازی سے محفوظ رکھنا، اور اسمگلروں کے لیے سرگرمی کی کوئی گنجائش باقی نہ چھوڑنا ہے۔ منشیات سے پاک پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔
اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف 5 کارروائیوں کے دوران 2 نائجیرین اور خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار کرلیے۔
مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 21.96 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔