سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود ٹرمپ کا بڑا اعلان، عالمی ٹیرف 15 فیصد کر دیا

امریکی سپریم کورٹ نے دوسرے ممالک پر عائد صدر ٹرمپ کے اضافی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا تھا


ویب ڈیسک February 22, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تجارتی محصولات (ٹیرف) 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان امریکی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بطور صدر وہ دنیا بھر کے ممالک پر عائد 10 فیصد عالمی ٹیرف کو بڑھا کر 15 فیصد کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی ممالک دہائیوں سے امریکا کا معاشی استحصال کرتے آئے ہیں، اس لیے ان کی انتظامیہ آئندہ مہینوں میں قانونی تقاضوں کے مطابق نئے اور قابلِ اجازت ٹیرف کا تعین کرے گی۔

واضح رہے کہ جمعہ کو امریکی سپریم کورٹ نے دوسرے ممالک پر عائد صدر ٹرمپ کے اضافی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جس قانون کے تحت یہ ٹیرف لگائے گئے وہ قومی ایمرجنسی کے لیے بنایا گیا تھا اور اس قانون کے تحت اضافی محصولات عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اپنے اختیارات کے تحت اقدامات کر سکتے ہیں اور ممالک کی خوشی زیادہ دیر قائم نہیں رہے گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر نے فوری طور پر تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف نافذ کر دیا تھا، جسے اب بڑھا کر 15 فیصد کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں