سانحہ گل پلازہ: بورڈ آف ریونیو سندھ نے تفصیلی جواب جمع کرا دیا

ڈسٹرکٹ رجسٹرار کراچی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈز کے ایم سی اور مختیارکار صدر سے حاصل شدہ ریکارڈ کی بنیاد پر مرتب کیا گیا


ویب ڈیسک April 01, 2026

بورڈ آف ریونیو سندھ نے اراضی کے ریکارڈ اور ملکیتی حیثیت سے متعلق تفصیلی جواب جمع کرا دیا۔

سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو نے کہا کہ ڈسٹرکٹ رجسٹرار کراچی، ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈز کے ایم سی اور مختیارکار صدر سے حاصل شدہ ریکارڈ کی بنیاد پر مرتب کیا گیا، مذکورہ پلاٹ اصل میں صوبائی حکومت کی ملکیت ہے،  بلدیہ عظمیٰ کو اس اراضی پر محدود انتظامی و مالی اختیارات حاصل تھے۔

سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو کے مطابق  گل پلازہ کی اراضی تقریباً 8128 مربع گز پر مشتمل ہے، ریکارڈ میں گل پلازہ کا پلاٹ نمبر 32، PR-1 کے طور پر درج ہے۔

سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو نے کہا کہ گل پلازہ کی اراضی ابتدا میں کراچی میونسپلٹی کی ملکیت کے طور پر ریکارڈ میں شامل تھی،  1873 میں بمبئی حکومت کے ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کی قرارداد نمبر 6072 کے تحت کراچی میونسپلٹی کو منتقل کی گئی تھی۔

1936 میں معاہدے کے تحت اراضی کو ایسٹ انڈیا ٹرام وے کمپنی لمیٹڈ کو 99 سالہ لیز پر دیا گیا تھا، معاہدے کے مطابق اسکا اطلاق 9 جولائی 1884 سے ظاہر کیا گیا ہے، کراچی میونسپلٹی اور ایسٹ انڈیا ٹرام وے کمپنی کے درمیان 1936 کے معاہدہ کے علاوہ کوئی معاہدہ ریکارڈ میں نہیں ہے۔

سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو کے مطابق معاہدہ ٹرام ویز ایکٹ 1886 یا کسی اور قانون کے تحت منظوری یا توثیق شدہ ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا، سینیئر ممبر بورڈ آف ریوینیو۔ دستیاب ریکارڈ کے مطابق معاہدے کا اطلاق ٹرام ویز ایکٹ 1886 سے پہلے کا ہے۔

1950 میں اراضی نجی افراد کے نام منتقل ہوئی، 1950 کی دستاویز کے مطابق ایسٹ انڈیا ٹرام وے کمپنی برطانوی قوانین کے تحت لندن میں رجسٹرڈ تھی، 1976 میں تمام حصص انور علی کے نام منتقل ہوئے، 1983 میں مذکورہ پلاٹ میسرز جینیکا لمیٹڈ نے خریدا۔

سٹی آف کراچی میونسپل ایکٹ 1933 میں ٹرام وے سے متعلق قوانین کو تحفظ حاصل تھا، مذکورہ زمین کی ملکیتی حیثیت صوبائی حکومت کے پاس ہے، میونسپلٹی کو صرف لیز دینے اور محصولات وصول کرنے جیسے محدود اختیارات حاصل تھے۔

کے ایم سی کے ملکیتی دعوے کی تصدیق یا تردید کا کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے، اراضی ابتدائی طور پر 1873 کی قرارداد کے تحت دی گئی، بعد ازاں بمبئی لینڈ ریونیو کوڈ 1879 اور دیگر قوانین کے تحت اس طرح کی لیزز کو ریگولیٹ کیا جاتا رہا، گل پلازہ کی زمین کے استعمال کے حوالے سے اصل شرائط کی تعمیل کا کوئی آڈٹ یا جائزہ ریکارڈ پر موجود نہیں۔