کراچی:
ملک میں داخل ہونے والے نئے مغربی سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت تیز بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے کالی گھٹائیں چھا گئیں اور بادل جم کے برسے، جس کے سبب صبح دفاتر اور تعلیمی اداروں کی طرف جانے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
سسٹم کے زیر اثر ڈیفنس، صدر، کیماڑی، کلفٹن، شارع فیصل، ملیر، گلستان جوہر، طارق روڈ، گلشن اقبال، میٹ کمپلیکس، بلدیہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے بتدریج ملک میں داخل ہو رہا ہے، آج کراچی میں اس سسٹم کے تحت گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کراچی کے چند ایک علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تیز ہواوں اور آندھی کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو بھی کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش ہونے کی توقع ہے، نیا سسٹم 4 اپریل تک برقرار رہ سکتا ہے۔
کراچی میں بارش کے حوالے سے حکومت سندھ نے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کر دی۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کئے گئے، ضروری عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس نصب کئے گئے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر پہلے ہی چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی تھی، چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی کے کئے عملہ تعینات کرکے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس نصب کئے گئے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے متعلقہ ادارے اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے فیلڈ میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔