پشاور:
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کے بزدلانہ خودکش حملے میں 5 شہری شہید جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنایا، خودکش حملے میں شہید ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
بنوں خودکش حملے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں فوری طبی امداد کی فراہمی جاری ہے، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
بہترین حفاظتی اقدامات کی بدولت تھانہ ڈومیل پر حملہ ناکام ہوا لیکن خوارج کی بزدلی کی وجہ سے عام آبادی کو نقصان اٹھانا پڑا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں، تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آخری خوارجی کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔