پاکستان کے محمد عاصم خان نےورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا

ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 7 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے


ویب ڈیسک April 04, 2026

پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسکواش اسٹار محمد عاصم خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2026 کے پی ایس اے ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

 پاکستان اسکواش فیڈریشن کے مطابق عاصم خان نے ایشیا کے ورلڈ چیمپئن شپ کوالیفائنگ ایونٹ کے فائنل میں ملائیشیا کے جوکم چواہا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔

پانچ گیمز پر مشتمل یہ مقابلہ 82 منٹ تک جاری رہا جس میں آصف خان نے ابتدا میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے دو گیمز 11-3 اور 13-11 سے جیتے۔ تاہم حریف کھلاڑی نے کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو گیمز 9-11 اور 3-11 سے اپنے نام کرلیے۔ فیصلہ کن گیم میں عاصم خان نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 12-10 سے کامیابی حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ عاصم خان نے باقاعدہ طور پر پی ایس اے ورلڈ چیمپئن شپ 2026  کے لیے کوالیفائی کرلیا جو 8 سے 16 مئی تک گیزا، مصر میں کھیلی جائے گی۔

اس عالمی ایونٹ میں دنیا بھر کے ٹاپ اسکواش کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ ایونٹ کے لیے مجموعی انعامی رقم 7 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔