ٹرانسپورٹرز کو 25 فیصد کرایہ بڑھانے کی اجازت

پیٹرول کی گاڑی کے مالکان کو 10 فیصد کرایے کی اجازت دی گئی ہے


ویب ڈیسک April 04, 2026
پیر سے تمام بازار اور دکانیں کھل جائیں گی، رات 8 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی

پنجاب انتظامیہ نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹرز کو 25 فیصد کرایہ بڑھانے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹرز کے کرایوں میں 37 فیصد اضافے کی سفارش مسترد کرتے ہوئے پٹرول گاڑیوں کو 10 فیصد اور ڈیزل گاڑیوں کے مالکان کو 25 فیصد اضافے کی منظوری دیتے ہوئے مجوزہ کرایوں سے زائد وصول کرنے سے روک دیا۔

پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کے بعد سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسد عباس شیرازی نے راولپنڈی کے پبلک ٹرانسپورٹرز کے ساتھ میٹنگ میں کرائے نامے میں اضافے کی تجویز تیار کی تھی جس میں پبلک ٹرانسپورٹروں میں موجودہ کرایوں میں 37 فیصد اضافے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی کے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 37 فیصد اضافے کی سفارش کو مسترد کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو ڈیزل گاڑیوں کے کرائے نامے میں 25 فیصد جبکہ پٹرول گاڑیوں کے کرائے میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے، جس کی روشنی میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹرانسپورٹرز کو نیا ہدایت نامہ بھجوا دیا ہے۔

ہدایت نامے میں ٹرانسپورٹرز کو مجوزہ سے زائد کرائے وصول کرنے سے روک دیا ہے،

سیکرٹری آر ٹی اے کا کہنا تھاکہ زائد کرایا وصول کرنے پر قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ افسران کو نئی ہدایات پر عملدرآمد کی سخت مانیٹرنگ کا اختیار دیا گیا ہے۔

 دوسری جانب پنجاب حکومت نے نئے کرائے ناموں میں اے سی نان اے سی کی کٹیگری ختم کردی ہے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 70 فیصد اضافے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری مقبول حسین نے کرایوں میں 70 فیصد اضافے کا اعلامیہ جاری کرتے موقف اپنایا ہے کہ ملک میں جاری مہنگائی، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور آپریشنل اخراجات میں غیر معمولی اضافے کے باعث موجودہ کرایہ جات پر خدمات جاری رکھنا نہایت مشکل ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 3 اپریل 2026 سے تمام گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 70 فیصد اضافہ نافذ العمل کیا جاتا ہے، یہ فیصلہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مالی دباو میں کمی کاروابری تسلسل برقرار رکھنے اور ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی بروقت اور بلاتعطل رسیل کو یقینی بنانے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 70 فیصد اضافے کے ساتھ ہی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوجائے گا۔